مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان اور امریکہ کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کی ملاقات ہوئی ہے۔
اطلاعات کے طالبان اور امریکی حکام کی ملاقات کے حوالے سے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کردی ہے، اور اس بارے ميں جاری کردہ اپنے ایک بيان ميں کہا ہے کہ طالبان رہنماؤں اور امريکی اہلکاروں کے مابين مذاکرات قطر ميں آج سے شروع ہو گئے ہيں۔
امن مذاکرات سے وابستہ ايک ذريعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتايا ہے کہ پير کو قطر ميں ہونے والے مذاکرات ميں طالبان کے ايک ديرينہ مطالبے پر بھی بات چيت جاری ہے، جب کہ امکان ہے کہ ملاقات میں افغانستان سے غير ملکی افواج کے انخلاء کا طريقہ کار اور شيڈول بھی طے کر لیا جائے گا۔ قطر ميں ہونے والی اس ملاقات کے حوالے سے فی الحال زيادہ تفصيلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان ميں گزشتہ 17 برس سے جاری جنگ کے خاتمے اور قيام امن کے ليے مذاکراتی عمل گزشتہ چند دنوں سے اختلافات کے سبب تعطلی کا شکار رہا ہے اور گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ہی طالبان نے افغانستان کے ليے خصوصی مندوب زلمے خليل زاد سے پاکستان ميں ملاقات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم کابل حکومت کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات پر قطعی طور پر راضی نہيں۔
آپ کا تبصرہ